وزیراعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کا کہنا ہے کہ موٹروے ریپ کیس میں ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے اور اس حوالے سے گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ’رات چار بجے تک آئی جی اور سی سی پی او کے ساتھ‘ تھے اور ’وزیراعلی نے پورے کیس کی خود مانیٹرنگ کی ہے۔‘

یاد رہے کہ سنچر کی صبح سے ہی مقامی میڈیا پر ایسی اطلاعات سامنے آ رہی تھیں کہ پولیس نے ملزم کا ڈی این اے میچ کر لیا ہے تاہم سرکاری ذرائع سے بات کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

میڈیا پر خبریں آنے کے بعد صوبہ پنجاب کے انسپکٹر جنرل انعام غنی کا کہنا تھا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ریپ کیس میں ابھی کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا۔ آئی جی پنجاب کے دفتر سے میڈیا کو ارسال کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا چلنے والی خبریں غلط اور حقائق کے منافی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ اس کیس کی تفتیش کو خود مانیٹر کر رہا ہوں اور کسی کامیابی پر میڈیا کو خود آگاہ کریں گے۔

’ایسی غیر تصدیق شدہ خبریں نہ صرف کیس پر اثر انداز ہوتی ہیں بلکہ عوام کے لیے بھی گمراہ کن ہیں، سوشل میڈیا پر ملزمان اور خاتون کی جو تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں وہ بھی غلط اور جعلی ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ میری میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی خبر نہ چلائیں اور میری عوام سے بھی گزارش ہے کہ ہم پر اعتماد رکھیں ہم جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیں گے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سنیچر کی صبح ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ چند ہی گھنٹوں میں اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ریپ کرنے والے گرفتار ہوں گے۔

Comments